رکن قومی اسمبلی شنیلاروت کی جانب سے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد ()5 اگست 2021ء تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شنیلاروت نے رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں واقع مندر سدھی ونایک پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملوں سے مذہبی ہم آہنگی کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کو شدید دھچکہ پہنچا ہے۔
جمعرات کے روز اپنے بیان میں شنیلا روت کا کہنا تھا کہ ہندو مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہمیشہ پرامن رہتے ہیں اور امن کو ہی پسند کرتے ہیں، چند مٹھی بھر عناصر کی جانب سے ہندوؤں کے مذہبی مقامات پر حملے کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔
شنیلا روت نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور انہوں نے ہندو برادری کو انصاف دلانے کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزردار، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او رحیم یار خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مندر پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کو فوری طورپر گرفتار کریں اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ہندوؤں سمیت تمام اقلیتی مذاہب کی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات مزید بہتر کرے۔