سپریم کورٹ: ایف آئی اے کو سول ایوی ایشن کی تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم
کراچی: () سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو سول ایوی ایشن کی تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سول ایوی ایشن کی اراضی پر قبضے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے کی جانب سے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے فوری کارروائی کرے۔
نسلہ ٹاور کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا عمارت کو نیچے سے گرانے کا فیشن کہاں سے آگیا ؟ اگر کوئی حادثہ ہوا تو کون ذمہ دار ہوگا ؟ جس پر کمشن کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ایسا نہیں ہے، عمارتوں کو گرانے کا یہی طریقہ کار ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے عدالت میں بات کرنے کی کوشش کی، جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے حافظ نعیم الرحمان سے سوال کیا آپ کون ہیں ؟ حافظ نعیم الرحمان نے جواب دیا کہ میں امیر جماعت اسلامی کراچی ہوں، آپ میری چند باتیں سن لیں، میں معاوضے کی بات کرنا چاہتا ہوں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ روسٹرم سے ہٹ جائیں، یہاں سیاسی تقریر نہیں کرسکتے۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کیا اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کو فوری طور پر روسٹرم سے ہٹا دیا گیا۔