انڈین ٹیم کی 59 سال بعد پاکستان آمد

پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی کے مقابلوں کے لیے بھارتی ٹینس ٹیم اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ کے میچز 3 اور 4 فروری کو اسلام آباد میں ہی کھیلے جائیں گے۔
ڈیوس کپ کھیلنے کے لیے انڈیا کی ٹینس ٹیم 59 سال بعد پاکستان پہنچی ہے۔ انڈین ٹینس ٹیم آخری بار 1964 میں پاکستان آئی تھی۔اُس وقت انڈین ٹیم نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے گزشتہ 16 برس کے دوران سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ڈیوس کپ کے کسی ٹائی میچ کی میزبانی نہیں کی۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے ٹائی میچز کے پاکستان میں انعقاد پر پابندی عائد کر رکھی تھی جو کہ 2017 میں ختم ہوئی۔
انڈین ٹینس ٹیم میں 5 کھلاڑی شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں 2 فز یو اور ایک ایک کوچ، منیجر اور کو آرڈینیٹر شامل ہیں۔
انڈین  ٹیم پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے تحت شیڈول ڈیوس کپ ٹینس ٹائی کھیلے گی۔ ڈیوس کپ کے لیے اسلام آباد پہنچنے والی انڈین  ٹیم کے ہمراہ انڈین صحافی بھی پاکستان آئے ہیں۔
انڈین ٹینس ٹیم اسلام آباد میں ٹینس کمپلیکس کے پاس مقامی ہوٹل میں قیام کر رہی ہے۔