انسانی اعضاء کی غیر قانونی خریدوفروخت اور پیوند کاری میں ملوث اہم سرغنہ سمیت 6 ملزم گرفتار
لاہور : ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اطہر ، بابر مسیح، محمد عمران ،ندیم عباس، بلال احمد اور اعجاز احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔ جن م یں ڈونرز، ایجنٹس اور پرائیویٹ لیبارٹریز کے ملازمین شامل ہیں ۔ ملزمان کو راولپنڈی اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق ملزم بابر مسیح ایف آئی اے لاہور کو 3 مقدمات میں سال 2021 سے مطلوب تھا۔ ملزمان مختلف مریضوں کے گردے پیوند کروانے کے لیے جعلی ٹیشو میچنگ رپورٹس بھی تیار کروانے میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے مریضوں سے لاکھوں روپے بٹورے اور گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے لیے پرائیویٹ اسپتالوں کا سہارا لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس مکروہ دھندے میں متعدد افراد اور سہولت کار ملوث ہیں۔ ملزمان سے تفتیش کے بعد دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔