ڈاکٹر غلام نبی فائیجب تک پاکستانی عوام کشمیریوں کے پشتیبان ہیں مسئلہ کشمیر کو کوئی سرد خانے میں نہیں ڈال سکتا

اسلام آباد(پ ر)بین الاقوامی فورمز پر تحریک آزادی کشمیر کے نامور سفیر و ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم واشگنٹن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ جب تک پاکستانی عوام کشمیریوں کے پشتیبان ہیں مسئلہ کشمیر کو کوئی سرد خانے میں نہیں ڈال سکتا، مسئلہ کشمیر کو لاکھوں انسانوں کی قربانیوں نے زندہ و جاوید رکھا ہوا ہے ، پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز و محور ہے، عالمی سطح پر بھارت کے سنگین اقدامات پر بھرپور لابنگ کرنے کی ضرورت ہے اور بھارتی حکمرانوں کے انسانیت دشمن اقدامات پر دنیا کو آگاہ کیا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے راولپنڈی اسلام آباد کے تاجر راہنما شفیق بٹ کی طرف سے منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق نے کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر غلام بنی فائی تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی مزمل ایوب ٹھاکر امریکہ سردار ذوالفقار امریکہ شامل تھے تقریب میں جموں کشمیر سالوشن موومنٹ کے سربراہ و سینئر حریت رہنماء الطاف احمد بٹ سابق وفاقی سیکرٹری خواجہ صدیق، ،انعام مسعودی، مدثر لون،یاسر بٹ، اشتیاق قریشی ، عطا الرحمان چوہان ،فیصل جمیل سمیت خواتین و حضرات نے شرکت کی ۔

ورلڈ کشمیر اویرنس فورم کے سربراہ ڈاکٹر غلام بنی فائی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ہم نے عالمی فورمز پر کشمیریوں کے موقف کو ہمیشہ جاندار طریقے سے سامنے لایا ہے، عالمی برادری کو ہم بتا چکے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سامنے کوسوو، بوسنیا، سیرالیون اور مشرقی تیمور میں ہونے والے مظالم بھی ہیچ نظر آتے ہیں جن میں بیرونی مداخلت کرنا پڑگئی تھی ۔

انہوں نے کہا بڑی طاقتیں اور اقوام متحدہ بدستور خاموش ہیں یہاں تک کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں امتیازی سلوک اور پرتشدد کارروائیوں کی اخلاقی طورپر بھی مذمت نہیں کی جارہی ۔ ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات رکوائے، مقبوضہ کشمیر میں فسطائی بھارتی حکومت سنگین جرائم میں مبتلا ہے ، بھارتی حکومت پوری دنیا میں ٹارگٹ کلنگ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو انسانی حقوق کے عالمی قانون اور جنیوا کنونشن کے منافی ہے ۔

امیر جماعت اسلامی ازاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتی بان ہے ہماری ترجیع اول تحریک ازادی کشمیر ہے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان نے کشمیریوں کو حق آزادی دلانے کے لیے تاریخ ساز جدوجہد اور بے مثال قربانیاں دی ہیں حالات خواہ جیسے بھی ہوں ہم تحریک ازادی کشمیر اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پورے عزم اور استقامت سے کشمیر کاز کے لیے ہر محاذ پر اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں انشاءاللہ کشمیر میں دی جانے والی قربانیوں کے نتیجے میں کشمیری اپنی منزل ازادی حاصل کر کے رہیں گے بھارت کے تمام تر مظالم اور حربوں کے باوجود ازادی کی تحریک ہر حال میں جاری رہے گی اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اور تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا ۔

کشمیر کا تنازعہ مودی کی نام نہاد ترقی، نوکریوں یا دولت سے وابستہ نہیں بلکہ یہ آزادی اور عوام کی حق خود مختاری اور حق کے احترام کے بارے میں ہے کہ وہ باہر کے لوگوں کی مداخلت کے بغیر اپنے طرز زندگی، اپنے مستقبل اور اپنی سیاست کا انتخاب خود کریں ، جموں و کشمیر کے لوگوں کو، ان کے مذہبی پس منظر اور ثقافتی وابستگیوں سے قطع نظر، اقوام متحدہ نے کشمیر کے مستقبل کی حیثیت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا تھا، ہم عالمی برادری کو کہتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دلائے ۔ جموں کشمیر سالوشن موومنٹ کے سر براہ و سینئر حریت رہنماء الطاف احمد بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلہ کشمیر ہمارے لیے زندگی موت کا مسئلہ ہے تحریک آزادی کشمیر میں لاکھوں نوجوانوں نے اپنا خون پیش کیا ہے.

قربانیوں کی ایک طویل داستان ہے ان شہداء کا خون ہمارے اوپر قرض ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی سطح پر بھارت پر دباؤ ڈالے اور کشمیر پر ہونے والے کسی طرح کے مذاکرات میں ار پار کی کشمیری قیادت کی بھرپور نمائندگی ہو سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے ہی یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے کشمیری قوم کو مسئلہ کشمیر کا حل وہی قبول ہوگا جو ان کی خواہشات اور امنگوں کی روشنی اور اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق ہو الطاف بٹ نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بارے میں انکی مجرمانہ خاموشی افسوسناک اور خطرناک ہے،جموں کشمیر کا اگر حل نہ نکلا تو دونوں ملکوں میں ایٹمی جنگ شروع ہو سکتی ہے جو پوری دنیا کیلئے خطرناک ہے، اس لیے تنازعہ کشمیر کو بغیر کسی تاخیر کے پرامن طریقے سے حل کرنا سب کے مفاد میں ہے ۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان شفیق احمد بٹ نے کہا کہ ہم جلد ہی تنازعہ جموں کشمیر پر ایک بڑی تقریب منعقد کریں گے جس میں ملک کے دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔